چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر ووژین میں انٹرنیٹ پر ہونے والی ایک کانفرنس کے شرکاء گفتگو کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین میں انٹرنیٹ کے نگراں ادارے نے کہا کہ عوام کی املاک کے تحفظ کے لئے سائبر اسپیس میں مالی بدعنوانیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
چائنہ سائبر اسپیس انتظامیہ نے بدھ کو کہا کہ اس ضمن میں اس کا مؤقف انتہائی سخت ہے ۔ رواں سال مالیاتی شعبے میں آن لائن بدعنوانیوں پر کاری ضرب لگائی گئی اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی ہوئی۔
انتظامیہ کے مطابق مخصوص جرائم میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی طور پرا سٹاکس کی سفارش کرنا، مالیاتی ثالثی خدمات فراہم کرنا اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مالی معلومات مہیا کرنا شامل ہے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ مالی کاروبار میں ملوث غیر لائسنس یافتہ ویب سائٹس اور اکاؤنٹس کے خلاف سزاؤں کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ پلیٹ فارمز پر زور دیا ہے کہ وہ معلومات اور خطرات ظاہر کرنے کو مضبوط بنائیں۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی مالی سرگرمیاں مختلف شکلوں میں کی جاتی ہیں جن کا پتہ لگانا مشکل ہوتا ہے اس سے سرمایہ کاروں اور خاص پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے سرمایہ کاروں کونقصان پہنچتا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سرمایہ کاری سے متعلق درست آگاہی حاصل کریں اور خطرات کے بارے میں اپنا شعور بڑھاکر نقصانات سے بچیں۔
