اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے اداروں نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے نافذ ہونے کے چند ہی منٹوں کے اندر بے گھر فلسطینیوں نے شمال کی طرف اپنی نقل و حرکت دوبارہ شروع کر دی۔(شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے اداروں نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے نافذ ہونے کے چند ہی منٹوں کے اندر بے گھر فلسطینیوں نے شمال کی طرف اپنی نقل مکانی دوبارہ شروع کر دی۔
اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے بتایا کہ جب لوگوں نے جنگ بندی کی خبر سن کر شمال کی طرف جانے کی کوشش کی تو اسرائیلی ٹینکوں نے ساحل کے ساتھ الرشید روڈ کو بند کردیا۔
اوسی ایچ اے نے کہا کہ شمالی غزہ شہر پہنچنے والے کچھ لوگوں نے بتایا کہ وہ واپس پہنچے تو ان کے گھروں کو مزید نقصان پہنچ چکا تھا۔
دفتر نے کہا کہ عالمی ادارہ اور اس کے انسانی ہمدردی کے شراکت دار امدادی کارروائیوں کو فوری طور پر بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔
او سی ایچ اے نے کہا کہ 2 سال کی جنگ کے بعد بحالی کو ممکن بنانے کے لئے غزہ میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی کی اشد ضرورت ہے۔ دفتر نے جنگ بندی کی حمایت کرنے والے تمام رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ بلا روک ٹوک انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کے لئے حالات کو محفوظ بنانے میں مدد کریں۔
دفتر نے مزید کہا کہ تنازع کے تمام فریقوں کو ضرورت مند شہریوں کے لئے انسانی امداد کی تیز رفتار اور بلا روک ٹوک ترسیل کو آسان بنانا چاہیے۔ اوسی ایچ اے نے کہا کہ امدادی سامان بڑے پیمانے پر پہنچنا چاہیے تاکہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دار ہر ضرورت مند تک پہنچ سکیں اور لوگوں کی تکالیف کو کم کر سکیں۔
