حیدرآباد میں پولیو مہم کے دوران جعلی اندراج و لاپرواہی برتنے پر محکمہ صحت نے 5ویکسی نیٹرز کو نوکری سے برطرف کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین نے بتایا کہ پولیو سے متاثرہ بچی کے انتقال پر کی جانیوالی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ 18اگست کو پریٹ آباد کی رہائشی 8ماہ کی بچی کی طبیعت خراب ہوئی ،بچی کو چار دن بعد ہسپتال لایا گیا اور 25اگست کو لئے گئے نمونے میں پولیو وائرس کا انکشاف ہوا جبکہ 28اگست کو بچی کا انتقال ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 5ہزار ارکان پر مشتمل انسداد پولیو مہم کا عملہ ہے، ضلع میں بڑھتے پولیو وائرس کی تحقیقات پر معلوم ہوا کہ 3، 3 ارکان پر مشتمل 70ٹیموں کا کام غیرتسلی بخش رہا جس پر انہیں تبدیل کیا گیا جبکہ جعلی اندراج اور لاپرواہی برتنے پر 5 ویکسی نیٹرز کو نوکری سے برطرف کردیا گیاہے۔
