صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے قائداعظم کو77 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا، عظیم قائد کے اقوال کو پوری قوم کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔
صدرمملکت نے اپنےپیغام میں کہا قائداعظم کا دو قومی نظریہ آج بھی درست ہے،بھارت میں اقلیتوں سےسلوک اس کی سچائی کا ثبوت ہے،قائداعظم جمہوریت ،انصاف اور مساوات پر مبنی پاکستان چاہتے تھے۔ ہمیں ان کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا،ترقی یافتہ ،خوشحال اور مضبوط پاکستان ہی قائداعظم کے خواب کی تعبیر ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا قائداعظم کی سیاسی میراث میں ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی اورفلاح و بہبود کا راز پنہاں ہے،پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے پوری قوم کی کاوش درکار ہے،آنے والی نسلوں تک قائداعظم کی تعلیمات و رہنمائی پہنچانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا محمد علی جناح نے مسلمانوں کو غلامی سے نکال کر خودمختار وطن تک پہنچایا،اقلیتوں کے حقوق پر قائداعظم کا مؤقف ریاستی اخلاقیات کی معراج تھا ۔
چیئرمین سینیٹ سیدیوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا پارلیمان ،اور عوام کی مشترکہ جدوجہد ہی وہ قوت ہےجو قائداعظمؒ کے خواب کو حقیقت کا روپ دے سکتی ہے،اللہ تعالیٰ ہمیں بابائےقوم کے وژن کے مطابق پاکستان کو جدید، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کی توفیق عطا فرمائے ۔
