چین کے جنوبی ہانگ کانگ میں شہری سم شا سوئی واٹر فرنٹ پر ماہی گیری کے جہاز کودیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے کہا ہے کہ جولائی کے اختتام تک ہانگ کانگ میں اندراج شدہ مقامی کمپنیوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ 15ہزار سے زائد غیر ملکی (نان-ہانگ کانگ) کمپنیاں بھی رجسٹر کی گئیں جو کہ دونوں اعتبار سے تاریخی ریکارڈ ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ جنوری 2023 سے جولائی 2025 کے دوران "انویسٹ ہانگ کانگ” نے ایک ہزار333 کمپنیوں کو ہانگ کانگ میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے یا وسعت دینے میں مدد دی۔ اس سرمایہ کاری کے باعث پہلے سال میں 174 ارب ہانگ کانگ ڈالر (22.17 ارب امریکی ڈالر) کی براہ راست سرمایہ کاری آئی اور 19 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں۔
جان لی نے ہانگ کانگ کے منفرد دوہرے پلیٹ فارم والے کردار اور فوائد کو اجاگر کیا، جو کاروباری مواقع تلاش کرنے اور چینی مین لینڈ مارکیٹ تک رسائی کے لئے نہ صرف غیرملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرتا ہے بلکہ چینی مین لینڈ کی کمپنیوں کو بھی بیرون ملک منڈیوں میں داخل ہونے میں مدد دیتاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی غیر ملکی کمپنیاں ہانگ کانگ میں کاروباری مواقع تلاش کر رہی ہیں اور اپنے آپریشنز کو مسلسل وسعت دے رہی ہیں جبکہ متعدد چینی مین لینڈ کمپنیوں کو ہانگ کانگ کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور وہ "ہانگ کانگ ٹیم” کے ساتھ مل کر ابھرتی ہوئی عالمی منڈیوں میں قدم رکھ رہی ہیں۔
جان لی نے بتایا کہ ہانگ کانگ اب بھی اندرون اور بیرون ملک سے اعلیٰ معیار کی کمپنیوں کو راغب کر رہا ہے تاکہ وہ یہاں اپنے کاروبار جمائیں جس سے مقامی معیشت کو فروغ اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو رہا ہے۔
