پیر, اگست 11, 2025
پاکستانوزیراعظم کا اقلیتوں کی مذہبی آزادی، یکساں حقوق کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم کا اقلیتوں کی مذہبی آزادی، یکساں حقوق کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قائد اعظم کے فرمودات اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی، یکساں حقوق کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ملکی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار کی تحسین میں اقوام عالم کے ساتھ ہے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر پاکستان میں اقلیتوں کے محفوظ مستقبل کی نظریاتی ضمانت ہے، سکھ، عیسائی ہندو، پارسی پاکستان میں موجود تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت پاکستان کی ترجیحی فرائض میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کی ہر شعبہ ہائے زندگی میں انجام دی گئی ناقابل فراموش خدمات کو اپنا ملکی و قومی اثاثہ سمجھتا ہے۔ اقلیت سے تعلق رکھنے والے کئی پاکستانی سپوت ملکی دفاع میں بہادری سے اپنی جان نچھاور کر چکے ہیں ہم ان کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی اقلیتوں کے جذبہ حب الوطنی، پیشہ وارانہ محنت اور قومی ورثہ و ثقافت سے لگاؤ پر فخر ہے، یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ نہ صرف آئینی ذمہ داری ہے بلکہ یہ ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے کیوں کہ اسلام اقلیتوں کے شہری، مذہبی، سماجی حقوق کی تحفظ کی خصوصی تلقین کرتا ہے۔

علماء اور مذہبی رہنماؤں کا مذہبی آزادی کے تحفظ، عبادت گاہوں اور اقلیتی نمائندوں کی عزت و ناموس کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہی اعلی مذہبی اور آئینی اقدار کی رہنمائی میں حکومت پاکستان اقلیتوں کی سرکاری اداروں،پارلیمنٹ اور قومی دھارے میں بھرپور شمولیت کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو اتحاد و یگانگت، باہمی عزت و رواداری پر عمل کرتے ہوئے اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کی ضرورت ہے، آج کے دن تمام پاکستانی اور حکومت پاکستان بلا تفریق رنگ و نسل یک زبان ہو کر ملکی فرائض کی بااحسن ادائیگی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!