لاہور: شیعہ علماء کرام وامن کمیٹی ارکان نے عشرہ عاشورہ پر مثالی انتظامات پر حکومت پنجاب سے اظہار تشکر کیا ہے جبکہ وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز پنجاب کے لوگوں کی خدمت میں کمی ،کوتاہی برداشت نہیں کرتی ،پوری ٹیم اور پنجاب انتظامیہ ہمہ وقت میدان عمل میں رہتی ہے۔
جمعہ کو عظمی بخاری سے محرم جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز ،امن کمیٹی کے ارکان اور علامہ کاظم رضا نقوی کی قیادت میں شیعہ علماء کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد نے محرم میں عزاداران امام حسین کیلئے مثالی انتظامات پر وزیراعلی مریم نواز سے اظہار تشکر کیا۔ شیعہ علما کونسل پنجاب کے وفد نے وزیراعلی کیلئے عظمی بخاری کو ایوارڈ امام حسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ محرم الحرام کے انتظامات پر مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کا مطمئن ہونا خوش آئند ہے، وزیراعلی نے محرم کے تمام انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ خود کی، اہل تشیع کمیونٹی کا پنجاب حکومت سے تشکر کا اظہار اچھی روایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ہر عید اور تہوار پر پنجاب میں منفرد اور نمایاں انتظامات ہوتے نظر آ رہے ہیں، مریم نواز پنجاب کے لوگوں کی خدمت میں کوئی کمی یا کوتاہی برداشت نہیں کرتی ہیں، اس لئے ان کی پوری ٹیم اور پنجاب کی انتظامیہ ہمہ وقت میدان عمل میں رہتے ہیں۔
