چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر ژوہائی میں اے وی آئی سی جنرل ہوانان ایئرکرافٹ انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ میں پہلا بڑے پیمانے پر تیار کیا گیااے جی 600 ایمفیبیئس طیارہ نظر آرہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کا اندرون ملک تیار کردہ اے جی600کن لونگ ایمفیبیئس طیارہ بدھ کےروز سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن آف چائنہ (سی اے اے سی) سے پیداواری سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد باضابطہ طور پر بڑے پیمانے پر پیداوار کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
طیارے بنانےوالی اور ملک کی معروف طیارہ ساز کمپنی ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنہ(اے وی آئی سی) کے ایک ماہر کے مطابق پیداواری سرٹیفکیٹ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ درخواست دہندہ کا کوالٹی سسٹم ہوابازی کے قواعد و ضوابط پر پورا اترتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پیداوار ڈیزائن کے معیارات کے مطابق ہو۔
اے وی آئی سی کے اعداد و شمار کے مطابق اے جی600 طیارہ مین اسٹریم سنگل آئزل طیاروں سے قدرے بڑا ہے، اس کی لمبائی 38.9 میٹر، اونچائی 11.7 میٹر اور پروں کا پھیلاؤ 38.8 میٹر ہے۔
اس طیارے کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 60 ٹن ہے جس کی زیادہ سے زیادہ عملی حد 4 ہزار500 کلومیٹر ہے، خاص طور پر یہ آگ بجھانے کے مشنز کے لیے 12 ٹن تک پانی لے جا سکتا ہے۔
اے جی600 سیریز کے چیف ڈیزائنر ہوانگ لنگ کائی نے شِنہوا کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ اے جی600 ایک ایسا طیارہ ہے جو تیر سکتا ہے اور ایک ایسا بحری جہاز ہے جو پرواز کرسکتا ہے۔
