برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں چینی نائب وزیراعظم حہ لی فینگ چین-امریکہ اقتصادی و تجارتی مشاورتی نظام کے پہلے اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ سے مصافحہ کر رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)سینئر چینی عہدیدار نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ نے گزشتہ 2 دنوں کے دوران پیشہ ورانہ، معقول، گہری اور واضح بات چیت کی ہے۔
وزارت تجارت میں چین کی بین الاقوامی تجارت کے نمائندے اور نائب وزیر تجارت لی چھینگ گینگ نے لندن میں ہونے والے چین-امریکہ اقتصادی و تجارتی مشاورتی نظام کے پہلے اجلاس کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دی۔
لی نے کہا کہ فریقین نے اصولی طور پر اس فریم ورک پر اتفاق کرلیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے سربراہان کے 5 جون کو ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کے دوران اور جنیوا مذاکرات میں طے پانے والے اتفاق رائے پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
لی نے کہا کہ توقع ہے کہ لندن اجلاس میں ہونے والی پیش رفت چین اور امریکہ کے درمیان اعتماد سازی کے لئے سازگار ہوگی جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کی مستحکم اور صحت مند ترقی کو فروغ دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجلاس عالمی اقتصادی ترقی میں بھی مثبت توانائی فراہم کرے گا۔
