اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینچین کے اعلیٰ سفارتکار کی افریقی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

چین کے اعلیٰ سفارتکار کی افریقی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

چین کے وسطی صوبے ہونان کے شہر چھانگشا میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سینیگال کی وزیر خارجہ یاسین فال سے ملاقات کر رہے ہیں۔ (شِنہوا)

چھانگشا(شنہوا)چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے چین-افریقہ تعاون فورم کے ذیلی اقدامات کے نفاذ کے لئے رابطہ کاروں کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لئے چین آنے والے کئی افریقی ہم منصبوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ یہ اجلاس چین کے وسطی صوبہ ہونان کے دارالحکومت چھانگشا میں منعقد ہوا۔

ان افریقی وزرائے خارجہ میں کینیا کے موسالیا مُداوادی، سینیگال کی یاسین فال، تنزانیہ کے محمود ثابت کومبو، نمیبیا کی سلمیٰ اشیپالا-موساوی، بوٹسوانا کے فینیو بوتالے اور انگولا کے ٹیٹے انتونیو شامل تھے۔

کینیا کے وزیرخارجہ موسالیا مُداوادی سے ملاقات کے دوران  چینی وزیرخارجہ اورکمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ چین کینیا کے ساتھ مل کر دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے شدہ اتفاق رائے کو عملی شکل دینے، ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرنے، باہمی اعتماد کو بڑھانے، چین-کینیا تعلقات کی سیاسی بنیاد کو مزید مضبوط کرنے اور دوطرفہ تعاون میں مستقل قوت شامل کرنے کے لئے تیار ہے۔

اس موقع پر موسالیا مُداوادی نے کہا کہ کینیا ایک چین اصول پر کاربند ہے اور ہمیشہ چین کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا جبکہ وہ چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا متمنی ہے۔

سینیگال کی یاسین فال سے ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا کہ چین افریقی ممالک، بشمول سینیگال کے ساتھ جدید ترقی کے مواقع بانٹنے اور انہیں جدیدیت حاصل کرنے میں مدد دینے کے لئے تیار ہے۔

وانگ نے مزید کہا کہ چین سینیگال کے ساتھ مل کر کثیر الجہتی تعلقات کے تصور، بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں اور ترقی پذیر ممالک کے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کے لئے کام کرنا چاہتا ہے۔

یاسین فال نے کہا کہ سینیگال ایک چین اصول پر مضبوطی سے کاربند ہے اور چین-سینیگال اور چین-افریقہ دوستی کے فروغ کو یقینی بنائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینیگال چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے  روابط کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے جبکہ ملک چین کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے۔

تنزانیہ کے محمود ثابت کومبو سے ملاقات کے دوران  چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ تنزانیہ ان ممالک میں شامل ہے جہاں بیجنگ سربراہ اجلاس کے نتائج کو انتہائی موثر طریقے سے نافذ کیا گیا ہے اور چین کے جائز موقف کی تنزانیہ کی جانب سے حمایت کو سراہتے ہیں۔

محمود ثابت کومبو نے تنزانیہ کی قومی تعمیر و ترقی میں چین کی مدد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین تنزانیہ کے سب سے اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔

نمیبیا کی سلمیٰ اشیپالا-موساوی سے ملاقات کے دوران  وانگ یی نے کہا کہ چین نمیبیا کے ساتھ باہمی اعتماد، حمایت اور یکجہتی کی عمدہ روایت کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے تاکہ چین-نمیبیا دوستی کو نئی توانائی ملے۔

اس موقع پر سلمیٰ اشیپالا-موساوی نے کہا کہ نمیبیا چین کے ساتھ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کامنتظر ہے اور پُر اعتماد ہے کہ وزارتی اجلاس کے نتیجے میں مثبت اور مفید نتائج برآمد ہوں گے۔

بوٹسوانا کے فینیو بوتالے سے ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا کہ یہ سال چین اور بوٹسوانا کے درمیان سفارتی تعلقات کی 50ویں سالگرہ کا سال ہے اور چین بوٹسوانا کو خود مختار ترقیاتی راہ اختیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

فینیوبوتالے نے کہا کہ بوٹسوانا ایک چین اصول پر کاربند ہے اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔

انگولا کے ٹیٹے انتونیو سے ملاقات کے دوران چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین انگولا کے لئے اپنی پالیسی کے تسلسل اور استحکام کو برقرار رکھتا ہے اور اپنی مدد کے ساتھ کسی سیاسی شرط کو منسلک نہیں کرتا۔

ٹیٹے انتونیو نے انگولا میں بنیادی شہری سہولتوں کی تعمیر اور ترقی میں سینکڑوں چینی کاروباری اداروں کی شراکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انگولا چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور افریقی یونین کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے تیار ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!