چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ وانگ یی بھارت کے قومی سلامتی کے مشیرشری اجیت دوول سے ملاقات کررہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے امید ظاہر کی ہے کہ بھارت اور پاکستان پرسکون رہیں گے،بات چیت اور مشاورت سے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرتے ہوئے صورتحال کو مزید خراب کرنے سے گریز کریں گے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور دفتر کے ڈائریکٹر وانگ نے بھارت کے مشیر قومی سلامتی اجیت دوول کے ساتھ فون پر بات چیت میں کہا کہ چین ، بھارت اور پاکستان کے درمیان مشاورت کے ذریعے جامع اور دیرپا جنگ بندی کی حمایت اور توقع کرتا ہے جو دونوں ممالک کے بنیادی مفاد میں ہو اور عالمی برادری کی مشترکہ امنگوں کی نمائندگی کرے۔
انہوں نے کہا کہ چین پہلگام میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی مذمت کرتا ہے اور وہ ہر قسم کی دہشت گردی کا مخالف ہے۔
دوول نے کہا کہ پہلگام میں حملے سے بھارت کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے اور وہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بھارت کا انتخاب نہیں ہے اور نہ ہی یہ کسی فریق کے مفاد میں ہے۔ بھارت اور پاکستان دونوں جنگ بندی کے لئے پرعزم ہیں اور جلد از جلد علاقائی امن و استحکام کی بحالی کے خواہاں ہیں۔
وانگ نے کہا کہ چین دوول کے اس بیان کو سراہتا ہے کہ جنگ بھارت کا انتخاب نہیں ہے۔
