چین کے شمالی اندرونی منگولیا خودمختار علاقے کے دارالحکومت ہوہوت میں ایک ملازم کوارٹز کمپنی کی ورکشاپ میں کام کر رہا ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت قدرتی وسائل نے اعلان کیا ہے کہ انتہائی شفاف کوارٹز کے متعدد ذخائر دریافت ہونے پر اسے باضابطہ طور پر ملک کی 174ویں معدنی قسم کا درجہ دیا گیا ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف انجینئرنگ کے ماہر تعلیم ماؤ جنگ وین کے مطابق انتہائی شفاف کوارٹز اعلیٰ درجہ حرارت اور زنگ کے خلاف مزاحمت، کم حرارت پر پھیلاؤ، اعلیٰ انسولیشن اور روشنی کی ترسیل کی خصوصیت پر مشتمل ہوتا ہے۔ انتہائی شفاف کوارٹز ایسی چٹانوں کو کہا جاتا ہے جنہیں پروسیس اور صاف کر کے کم از کم 99.995 فیصد خالص سلیکان ڈائی آکسائیڈ حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ مادہ سیمی کنڈکٹرز اور فوٹووولٹکس جیسی ہائی ٹیک صنعتوں کی ضروریات پوری کرسکتا ہے۔
وزارت قدرتی وسائل کے عہدیدار کے مطابق انتہائی شفاف کوارٹز کے متعدد ذخائر چین کے وسطی صوبے ہینان کے چھن لِنگ پہاڑوں کے مشرقی حصے اور چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغورخودمختار علاقے میں آلتے کے مقام پر دریافت ہوئے ہیں۔ یہ دریافت معدنی تلاش میں پیش رفت کے لئے نئی تزویراتی مہم کا حصہ ہے۔
عالمی سطح پرانتہائی شفاف کوارٹز کی کانیں بنیادی طور پر امریکہ، روس، ناروے اور آسٹریلیا میں پائی جاتی ہیں۔
وزارت کے عہدیدار کے مطابق اس نئی معدنیاتی قسم کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنا نہ صرف اس کے تحفظ اور ترقی کے لئے اہم ہے بلکہ یہ ملک کی ہائی ٹیک صنعتوں اور رسد کے نظاموں کے تحفظ کے لئے بھی اہم سنگِ میل ہے۔
