پاکستان کے مایہ لیفٹ آرم بائولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کو پی ایس ایل ٹیم سیالکوٹ سٹالینز کا صدر مقرر کردیا گیا ہے جبکہ ٹیم سیالکوٹ سٹالینز کے آفیشل لوگو کی بھی رونمائی کردی گئی ہے۔
لاہور کے نجی ہوٹل میں الفا اوزی سپورٹس کی تقریب میں وسیم اکرم کو باضابطہ طور پر سیالکوٹ سٹالینز کا صدر نامزد کر دیا گیا۔
وسیم اکرم نے تقریب میں آن لائن شرکت کی اور بطور صدر ٹیم کے روشن مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سیالکوٹ سٹالینز کو ایک مضبوط اور کامیاب فرنچائز بنانے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرینگے۔
تقریب کے دوران سیالکوٹ سٹالینز کا آفیشل لوگو بھی پہلی مرتبہ منظر عام پر لایا گیا، اس موقع پر سیالکوٹ سٹالینز کے ہیڈ کوچ ٹیم پین، ٹیم کے کواونرز حمزہ مجید اور محمد شاہد بھی موجود تھے جنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیالکوٹ سٹالینز پاکستان سپر لیگ میں جدید فیچرز متعارف کروانے، کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریگی۔
الفا اوزی سپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعلان کیا کہ ادارہ مستقبل میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ اور ترقی کیلئے بھی عملی اقدامات کریگا تاکہ پاکستان میں خواتین کے کھیل کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔




