امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مئی 2025میں بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازع کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے ٹیرف کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے اس کشیدگی کو کم کیا۔
ایک انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں نے 8 جنگیں ختم کرائیں جن میں سے کم از کم 6 ٹیرف کی وجہ سے رکیں، میں نے کہا اگر تم جنگ بند نہیں کرو گے تو میں تم پر ٹیرف عائد کر دوں گا کیونکہ میں لوگوں کو مرتے نہیں دیکھنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان صورتحال انتہائی کشیدہ تھی اور یہ جوہری جنگ میں تبدیل ہو سکتی تھی، وہ واقعی آمنے سامنے تھے، 10طیارے تباہ ہوچکے تھے، حالات بہت سنگین تھے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جوہری جنگ روکنے میں انکے کردار کو سراہا اور اعتراف کیا کہ میں نے خطے میں کشیدگی کم کرا کے کم از کم ایک کروڑ جانیں بچائیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان 3 دہائیوں سے جاری تنازع کو ڈیڑھ دن میں ختم کرایا، میں نے متعلقہ ممالک کو واضح پیغام دیا کہ اگر لڑائی جاری رہی تو امریکا تجارتی اقدامات کریگا۔




