یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لے ین بیلجیئم کے شہر برسلز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں۔(شِنہوا)
برسلز(شِنہوا)یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لے ین نے کہا ہے کہ یورپی یونین سے سٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر امریکہ کی جانب سے ٹیکس عائد کرنے پر متناسب اور بھرپور جوابی اقدامات کئے جائیں گے۔
وان ڈیر لے ین نے منگل کے روزایک بیان میں کہا کہ انہیں یورپی سٹیل اور ایلومینیم کی برآمدات پر ٹیکس عائد کرنے کے امریکی فیصلے پر بہت دکھ ہے۔ ٹیرف دراصل وہ ٹیکس ہیں جو کاروبار کے لئے نقصان دہ اور صارفین کے لئے اس سے بھی زیادہ بدترین ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ وہ کسی بھی ملک سے امریکہ درآمد ہونے والے سٹیل اور ایلومینیم پر 25 فیصد ٹیکس عائد کررہے ہیں۔
یورپی کمیشن کی صدر نے کہا کہ یورپی یونین اس غیر منصفانہ ٹیکس کا جواب دے گا۔ اپنے اقتصادی مفادات کے تحفظ کے لئےاقدامات کئے جائیں گے۔ ہم اپنے کارکنوں، کاروبار اور صارفین کا تحفظ کریں گے۔
