چین کے مشرقی شہر شنگھائی کے علاقے بوند میں فرانس اور بلغاریہ کے سیاح سیلفی لے رہے ہیں-(شِنہوا)
شنگھائی(شِنہوا)شنگھائی اپنے بلدیاتی بجٹ سے خدمات کے شعبے سے متعلق واؤچرز جاری کرنے کے لئے 50 کروڑ یوآن (تقریباً 6 کروڑ 97 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر) مختص کرے گا۔
مقامی حکام نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ یہ لوگوں کی قوت خرید بڑھانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ یہ واؤچرز کھانے پینے کی اشیاء، سیاحت، سینما اور کھیلوں میں استعمال کئے جائیں گے۔ اس ضمن میں 36 کروڑ یوآن کھانے پینے کی اشیاء، 9 کروڑ یوآن سیاحت، 3 کروڑ یوآن سینما اور 2 کروڑ یوآن کھیلوں کے لئے مختص کئے جائیں گے۔
صارفین 22 فروری سے کھانے پینے کی اشیاء اور سیاحتی واؤچرز حاصل کرنے کے لئے اندراج کرسکتے ہیں۔ تمام واؤچرز یکم مارچ سے قابل استعمال ہوں گے اور انہیں جون کے اختتام تک مکمل طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
شنگھائی بلدیاتی کمیشن برائے تجارت کے ڈائریکٹر ژو من کے مطابق خدمات کے شعبے میں خرچ شنگھائی کی کھپت مارکیٹ میں اضافے اور اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ اجناس کی کھپت کو بڑھانے میں اہم ہے۔
شنگھائی نے 2024 میں بھی کھانے پینے کی اشیاء، رہائش، سینما اور کھیلوں کے لئے 50 کروڑ یوآن مالیت کے واؤچرز جاری کئے تھے۔
