بیجنگ (شِنہوا) چین میں سائبر سپیس کے نگران ادارے نے انٹرنیٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے ذاتی معلومات کے جمع کرنے اور استعمال سے متعلق مجوزہ قواعد جاری کر دیئے ہیں، جن پر عوام سے آراء اور تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
چین کی سائبر سپیس انتظامیہ کی جانب سے تیار کردہ مسودے کا مقصد ذاتی معلومات کے تحفظ اور ان کے درست استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
مسودے کے مطابق ذاتی معلومات کا حصول اور استعمال صرف مصنوعات یا خدمات کی فراہمی کے لئے ناگزیر حد تک محدود ہوگا اور اس سے آگے نہیں بڑھایا جا سکے گا۔
مسودے کے مطابق انٹرنیٹ ایپس کو پہلی بار کھولتے ہی صارفین کو پاپ اپ نوٹیفکیشنز کے ذریعے ذاتی معلومات کے استعمال کے قواعد واضح طور پر بتانا اور ان کی رضامندی حاصل کرنا ضروری ہے۔
مسودے کے مطابق انٹرنیٹ ایپس صارف کے علاوہ کسی اور کی ذاتی معلومات کو ایڈریس بک، کال لاگ یا ایس ایم ایس کے ذریعے جمع یا استعمال نہیں کر سکتیں، جب تک کہ یہ مواصلات، رابطے شامل کرنے یا بیک اپ کے لئے ضروری نہ ہو۔
مسودے میں کہا گیا ہے کہ اگر ذاتی معلومات کسی تیسرے فریق کو دی جائیں تو ایپس کو صارف کی علیحدہ رضامندی لینا ضروری ہے۔




