چین کے دارالحکومت بیجنگ میں چین-عرب ممالک تعاون فورم کی 10ویں وزارتی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کامنظر-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)ایک مصری سکالر نے کہا ہے کہ مئی 2024 میں چین نے باہمی فائدے، مشترکہ کامیابی، باہم سیکھنے اور مشترکہ ترقی پر مبنی مثالی تعلقات قائم کرنے کے وژن کے ساتھ مشترکہ مستقبل کی حامل چین-عرب برادری کی تعمیر کو تیز کرنے کے لئے تعاون کے 5 فریم ورکس کی تجویز پیش کی ہے۔
مصر کے ایک تھنک ٹینک گلوبل فورم فار فیوچر سٹڈیز کی سیکرٹری جنرل رانیہ ابوالخیرنے اپنے ایک مضمون میں کہا ہے کہ سال 2024 میں چین- عرب ممالک تعاون فورم کے قیام کی 20 ویں سالگرہ منائی گئی۔ مئی 2024 میں فورم نے بیجنگ میں اپنا 10 واں وزارتی اجلاس طلب کیا، جہاں چین نے مشترکہ مستقبل کی حامل چین- عرب برادری کی تعمیر کو تیز کرنے کے لئے ” تعاون پرمبنی 5 فریم ورکس ” کی تجویز پیش کی۔
رانیہ ابوالخیرنے اپنے مضمون میں لکھا کہ یہ فریم ورکس مختلف مقاصد کے ساتھ چین عرب تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایک روڈ میپ کا خاکہ پیش کرتے ہیں، ان میں جدیدیت کے لئے زیادہ متحرک لائحہ عمل، سرمایہ کاری اور مالی تعاون کے لئے ایک توسیع شدہ لائحہ عمل، توانائی کے شعبے میں تعاون کے لئے ایک زیادہ کثیرالجہتی لائحہ عمل، باہمی فائدہ مند اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لئے زیادہ متوازن لائحہ عمل اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کے لئے ایک وسیع لائحہ عمل شامل ہیں۔
یہ 5 لائحہ عمل مستقبل میں چین- عرب تعاون کے لئے سنگ بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں، جو توانائی، بنیادی شہری سہولیات اور تجارت جیسے روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور قابل تجدید توانائی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں شراکت داری کی ماضی کی کامیابیوں کی بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں۔
یہ 5 لائحہ عمل مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین عرب برادری کی تعمیر کے فروغ کے لئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے کے لئے دونوں فریقوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، جس کا مقصد باہمی فوائد، مشترکہ کامیابی، باہمی سیکھنے اور مشترکہ ترقی پر مبنی مثالی تعلقات قائم کرنا ہے۔
مذکورہ بالا عزم کی روشنی میں گزشتہ برسوں میں چین اور عرب ریاستوں نے مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
توانائی اور بنیادی ڈھانچے میں زیادہ سے زیادہ انضمام کی طرف اہم پیشرفت کی گئی۔ نومبر 2024 میں فوجیان گولی فیز2 انٹیگریٹڈ ریفائننگ اور پٹروکیمیکل منصوبے کی چین کے مشرقی صوبہ فوجیان میں بنیاد رکھی گئی۔ یہ منصوبہ 71.1 ارب یوآن (تقریباً 9.7 ارب امریکی ڈالر) کی مجموعی سرمایہ کاری اور سالانہ پیداواری مالیت تقریباً 80.8 ارب یوآن (تقریباً 11 ارب ڈالر) تک پہنچنے کے ساتھ چین-عرب توانائی تعاون کی مثال ہے۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2030 میں اپنی مکمل صلاحیت تک پہنچ جائے گا، گلی کمپلیکس میں ڈاؤن سٹریم کمپنیوں کو سالانہ 50 لاکھ ٹن خام مال فراہم کرے گا، جس سے سمارٹ اور مال دوست ترقی کو فروغ دیتے ہوئے اس کی صنعتی رابطوں میں اضافہ ہوگا۔
فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت تعاون کو بھی مضبوط کیا ہے۔ مثال کے طور پر چین-مصر ٹیڈا سویز اقتصادی اور تجارتی تعاون زون نے مصر میں تقریباً 9 ہزار براہ راست اور 80 ہزار سے زیادہ بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں۔ الجیریا میں مشرقی مغربی شاہراہ کا مشرقی حصہ جو چین کی شراکت سے تعمیر کیا گیا تھا، ایک اہم اقتصادی شریان بن چکا ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں چین کی ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل انجینئرنگ نے سعودی عرب کی اے سی ڈبلیو اے پاور کے ساتھ دبئی میں ہسیان صاف کوئلے کے منصوبے کی تعمیر کے منصوبے میں شراکت داری کی ہے، جو مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چین اور عرب ممالک نے بی آر آئی کے تحت بنیادی شہری سہہولیات، توانائی اور دیگر شعبوں میں 200 سے زیادہ بڑے منصوبے شروع کئے ہیں، جس سے دونوں خطوں کے تقریباً 2 ارب افراد مستفید ہوئے ہیں۔
مراکش، متحدہ عرب امارات، قطر اور تیونس سمیت متعدد عرب ریاستوں کی جانب سے چینی شہریوں کے لئے آزاد ویزا پالیسیوں کے نفاذ کے ساتھ ساتھ چینی شہروں اور ریاض، دوحہ اور قاہرہ جیسے مقامات کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کی بدولت سیاحت کو فروغ ملا ہے۔
سیٹلائٹ کی ترقی، پیداوار اور آغاز کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کاتبادلہ، تکنیکی تبادلے اور ماہرین کی تربیت میں بھی قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ چین نے الجیریا، سوڈان، مصر اور سعودی عرب جیسے ممالک کے ساتھ خلائی تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کئے ہیں، جس میں الجیریا کے پہلے مواصلاتی سیٹلائٹ الکوماسیٹ -1، سوڈان کے سائنسی تجرباتی سیٹلائٹ، سعودی سیٹ 5 اے اور سیٹ 5 بی اور مصر کے لئے ایم آئی ایس آر ایس اے ٹی -2 کو کامیابی سے خلا میں بھیجا گیا ہے۔
چین نے جبوتی، مصر اور مراکش سمیت عرب دنیا میں متعدد لوبان ورکشاپس قائم کی ہیں، جو مختلف شعبوں جیسے میکاٹرونکس انضمام، ریلوے آپریشنز اور روایتی چینی ادویات میں تربیت فراہم کرتی ہیں، اہم شعبوں میں صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے میزبان ممالک کی معاشی اور سماجی ترقی کی حکمت عملیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔
عرب نوجوانوں نے چینی زبان سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور مصر جیسے ممالک نے اپنے قومی تعلیمی پروگراموں میں چینی زبان کی تعلیم کو شامل کیا ہے۔
یہ کامیابیاں چین اور عرب ممالک کے درمیان وسیع تعاون کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہیں، جو بی آر آئی کے تحت مضبوط تعلقات کی تعمیر کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران چین عرب ممالک کو بی آر آئی کو آگے بڑھانے میں فطری شراکت دار سمجھتا رہا ہے جبکہ عرب ممالک نے اس اقدام کو ایک اہم ترقیاتی وژن کے طور پر دیکھا ہے۔
آج تک تمام 22 عرب ممالک بی آر آئی میں شراکت دار بن چکے ہیں اور اس کے اہداف کو اپنی ترقیاتی ضروریات جیسے معاشی تنوع اور صنعت کاری سے ہم آہنگ کر رہے ہیں۔ بی آر آئی عرب ممالک کی طویل مدتی حکمت عملی کی بھی تکمیل کرتا ہے، جن میں مصر وژن 2030، سعودی وژن 2030، قطر قومی وژن 2030، متحدہ عرب امارات کے اصول 50 اور کویت کا 2035 وژن شامل ہیں۔ اس کےعلاوہ عرب ریاستوں کی لیگ پہلی علاقائی تنظیم تھی جس نے بی آر آئی پر چین کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے۔
آخر میں بین الاقوامی دوستی کی طاقت ان کے لوگوں کی قربت پر منحصر ہے۔ 2025 ء میں دونوں فریق عملی تعاون جاری رکھنے، معیشت، ٹیکنالوجی اور ثقافت میں تبادلوں کو بڑھانے اور اپنے عوام کے درمیان دوستی کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ امید ہے کہ مزید ثقافتی، تعلیمی اور سیاحتی تبادلوں سے دوستی کو فروغ ملے گا اور بین الحکومتی تعاون کو گہرا کیا جائے گا۔
