بیجنگ(شِنہوا)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے 2025 کے لئے چین کی معاشی ترقی کی پیشگوئی پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے سالانہ بنیاد پر 5 فیصد کر دیا ہے۔ یہ شرح عالمی ادارے کے اکتوبر میں کئے گئے اندازے سے 0.2 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔
آئی ایم ایف کے بیان کے مطابق یہ اضافہ چین میں آئی ایم ایف کے 2025 آرٹیکل آئی وی مشاورتی مشن کے اختتام پر کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کی ایک ٹیم نے مشن کی سربراہ سونالی جین-چندرا کی قیادت میں یکم سے 10 دسمبر تک بیجنگ اور شنگھائی کے دورے کئے۔
بیان کے مطابق ٹیم نے اقتصادی ترقی، خطرات اور پالیسی کی ترجیحات پر اعلیٰ حکومتی عہدیداران، پیپلز بینک آف چائنہ کے حکام،نجی شعبے کے نمائندوں اور تعلیمی ماہرین کے ساتھ تعمیری بات چیت کی۔
جین-چندرا نے کہا کہ حالیہ برسوں میں متعدد مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود چینی معیشت نے قابل ذکر لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظرثانی شدہ پیشگوئی میکرو اکنامک پالیسی کے حالیہ محرک اقدامات کی عکاسی کرتی ہے۔
عالمی ادارے کی ٹیم نے 2026 کے لئے بھی چین کی ترقی کی پیشگوئی بڑھا کر 4.5 فیصد کر دی ہے، جو اکتوبر کی پیشگوئی سے 0.3 فیصد پوائنٹس زیادہ ہے۔




