افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں کاشتکار حاجی عبدالغفور کھیتوں میں کام کررہاہے-(شِنہوا)
کابل(شِنہوا)افغانستان کے دارالحکومت کابل سے 50 کلومیٹر شمال میں واقع ضلع بگرام میں دو درجن سے زائد یومیہ مزدوروں کے ساتھ زمین پر کام کرنے والے صفی اللہ روحانی کا ماننا ہے کہ اسافتیدہ، جسے عام طور پر "ہینگ” کے نام سے جانا جاتا ہے، پوست کے قابل عمل اور منافع بخش متبادل کے طور پر کام کرسکتی ہے۔
صفی اللہ روحانی نے شِنہوا کو بتایا کہ افغانستان میں پوست کا بہترین متبادل ہینگ ہے۔ یہ زیادہ منافع بخش ہے اور نمایاں طور پر زیادہ آمدنی والی کاشت ہے۔
اکتوبر 2001 میں امریکی حملے کے بعد افغانستان میں پوست کی کاشت اور اس کے بعد منشیات کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا اور 2021 تک افغانستان مبینہ طور پر دنیا کی ہیروئن کی سپلائی کا 90 فیصد سے زیادہ پیدا کر رہا تھا۔
تاہم اگست 2021 میں غیر ملکی افواج کے انخلا اور افغانستان کی نگران حکومت کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد پوست کی کاشت میں ڈرامائی کمی دیکھنے میں آئی کیونکہ 2022 میں انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندی کے بعد 2023 میں پوست کی کاشت میں 95 فیصد کمی آئی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کی حالیہ رپورٹ میں 2024 میں پوست کی کاشت میں 19 فیصد اضافے کا حوالہ دیئے جانے کے باوجود افغان نگران حکومت نے منشیات کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
افغانستان کی نگران انتظامیہ کاشتکاروں کو پوست کی کاشت کا پائیدار متبادل فراہم کرنے کے لئے بین الاقوامی امداد کی اپیل جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہینگ کے پودے لگانے کی طرف واپسی نے افغانستان میں لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے ہیں کیونکہ بہت سے نوجوان قیمتی بیج لگانے کے لئے کھیتوں پر کام کرتے ہیں۔
روحانی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر صفی اللہ روحانی نے کہا کہ ہم نے مزار شریف میں 100 ایکڑ سے زیادہ اور پروان میں 30 ایکڑ اراضی پر ہینگ کاشت کی ہے اور ہمارے ساتھ تقریباً 100 سے 200 لوگ کام کر رہے ہیں۔
روحانی نے کہا کہ ہر مزدور یومیہ 500 افغانی (تقریباً 7.1 امریکی ڈالر) کماتا ہے، جس میں ایک دن میں دوپہر کے کھانے کے لئے 150 افغانی بھی شامل ہیں۔ اپنے کاروبار کو انتہائی منافع بخش قرار دیتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے ایک لاکھ افغانی (تقریباً 1429 امریکی ڈالر) ہینگ کے ایک فارم میں سرمایہ کاری کی اور 2 سال بعد 10 لاکھ افغانی (تقریباً 14ہزار 286 امریکی ڈالر) کمائیں گے۔
اب جبکہ افغانستان پوست کی پیداوار کی پریشان کن تاریخ سے دور ہونے کی کوشش کر رہا ہے، ہینگ جیسی فصلیں زیادہ پائیدار اور خوشحال مستقبل کی امید پیدا کرتی ہیں۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link