ملاوی، جنوبی ضلع نسانجے کے گاؤں کالیسو میں ایک مقامی خاتون پانی بھررہی ہے-(شِنہوا)
لیلونگ وے(شِنہوا) چینی حکومت نے ملاوی کے دارالحکومت لیلونگ وے میں غذائی قلت کے شکار گھرانوں کو 33 میٹرک ٹن مکئی کا آٹا بطور عطیہ دیا ہے جس کی مالیت 24 ہزار 650 امریکی ڈالر ہے۔
دوہفتے قبل بھی چین نے جھیل کے کنارے آباد ضلع نخوتاکوٹا میں مکئی کے آٹا اور سرخ لوبیا کا عطیہ دیا تھا جس کی مالیت 40 ہزار ڈالر کی تھی۔
عطیہ دینے کی تقریب سے خطاب میں ملاوی میں چینی سفارت خانے کے ناظم الامور وانگ ہاؤ نے اسے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کے حقیقی جذبے کی عکاسی قرار دیا۔
وانگ نے مزید کہا کہ چین ملاوی سمیت افریقی ممالک کا سچا دوست اور مخلص شراکت دار ہے۔ چینی حکومت اور عوام اپنے ملاوی دوستوں کے درد کو محسوس کرتے ہوئے خوراک کے بحران سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ یہ عطیہ چینی کہاوت ’’بروقت مدد برفانی موسم میں کوئلہ بھیجنے کے مترادف ہے‘‘ کی عکاسی کرتا ہے۔
ملاوی کے کمشنر برائے انسداد آفات امور چارلس کلمبا نے عطیہ وصول کرتے ہوئے چین کے تعاون شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے ضرورت کے وقت ضروری مدد فراہم کرکے مسلسل حقیقی دوستی نبھائی ہے۔
