کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں سیلابی صورتحال کے بعد متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے، شہریوں کو ریلیف فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دورہ چین پر موجود چیئرمین ایم کیو ایم و وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا اور کراچی میں بارشوں کے بعد پیدا صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی سنگین ہے، تمام منتخب اراکین اسمبلی کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں موجود رہیں اور عوام کی ہر ممکن مدد کریں، انہوں نے واضح کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کسی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، راشن، پینے کے پانی اور دیگر ضروری اشیا کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے، شہریوں کو ریلیف فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا ۔
