اسلام آباد: سربراہ اے ایم ایل شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلا دور ہے کسی سے رابطہ نہیں، پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاریاں نامناسب ہیں، ستمبر تک انتظار کریں دیکھیں آسمان کیسے کیسے سیاسی رنگ بدلتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ اے ایم ایل شیخ رشید نے کہا کہ یہ پہلا دور ہے میرا کسی سے رابطہ نہیں، تین دفعہ چلہ کاٹا کسی اور نے 40 دن کا چلہ کاٹا ہے تو مجھے بتا دیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی گلہ نہیں ہے، کسی کو گالی نہیں دینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاریاں نامناسب ہیں،اسمبلی کے اندر سے گرفتار ہونے والے سپیکر کے پاس جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اس اسمبلی کی طرف کوئی نہیں دیکھ رہا،30 ستمبر تک انتظار کریں دیکھیں آسمان کیسے کیسے سیاسی رنگ بدلتا ہے۔
