چینی نائب وزیراعظم لیو گوژونگ بیجنگ میں زرعی خدمت مرکز کا دورہ کر رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب وزیراعظم لیو گوژونگ نے زرعی سائنسی و تکنیکی جدت کو فروغ دینے، اس پیش رفت کو عملی طور پر اپنانے اور زرعی سائنس و ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور مضبوطی حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ دیہی ترقی کو موثر طریقے سے سہارا دیا جا سکے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی دفتر کے رکن لیونے ان خیالات کا اظہار بیجنگ کے تحقیقی دورے کے موقع پر کیا۔
اپنے دورے میں لیو نے زرعی ٹیکنالوجی میں ہونے والی پیشرفت، نئی فصلوں کی اقسام کی تیاری، جدید زرعی سہولیات اور اعلیٰ معیار کی زرعی زمینوں کی تعمیر سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی جدیدیت اور اعلیٰ معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی پر زور دیا۔
لیو نے کہا کہ بیج اور بیجوں کی صنعت کو فعال بنانا، زرعی مشینی کام کے کمزور پہلوؤں کو مضبوط کرنا، اناج اور تیل دار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کرنا اور زراعت میں بگ ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت جیسی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
لیو نے مزید کہا کہ تحقیقی اداروں، جامعات اور کاروباری اداروں کے وسائل اور صلاحیتوں کو یکجا کرکے جدت کے مجموعی معیار اور کارکردگی کو بہتر بنایا جانا چاہیے۔
