چین میں 2025 کے دوران 100 ارب سے زائد پارسلز کی ترسیل کی گئی-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے کورئیر کے شعبے نے رواں سال اب تک 100 ارب سے زائد پارسلز کی ترسیل کی ہے۔
سٹیٹ پوسٹ بیورو کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 100 ارب کا یہ سنگ میل 2024 کے مقابلے میں 35 دن پہلے حاصل کر لیا گیا اور یہ مسلسل 5واں سال ہے جب چین نے 100 ارب سے زائد پارسلز کی ترسیل کی ہے۔
بیورو کے ایک عہدیدار نے کہا کہ جیسے جیسے ملک کی صارف منڈی میں توسیع ہو رہی ہے اور ای-کامرس کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، کوریئر کا شعبہ متعلقہ صنعتوں کی معاونت اور وسیع تر اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
رواں سال کے آغاز سے ہی چین نے کھپت کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات متعارف کروائے ہیں۔ مثال کے طور پر اس نے اشیائے صرف کے تبادلہ پروگرام میں مزید مصنوعات کی اقسام شامل کی ہیں جس کا مقصد ملکی طلب کو بڑھانا اور صارفین کی استعداد کو ابھارنا ہے۔
چین نے گزشتہ ماہ اس قومی پروگرام کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور 2025 تک سرکاری سبسڈی کی ادائیگی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے فنڈنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
عہدیدار نے کہا کہ پروگرام کے اثرات کو مزید بڑھانے کے لئے کوریئر کا شعبہ زیادہ موثر اور سہل خدمات فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں لاکھوں کارکنوں کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں۔
