اتوار, جولائی 27, 2025
پاکستانبلاول بھٹو تین نسلوں کے سیاسی و نظریاتی وارث ہیں، شرجیل میمن

بلاول بھٹو تین نسلوں کے سیاسی و نظریاتی وارث ہیں، شرجیل میمن

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بلاول بھٹو کو تین نسلوں کا سیاسی و نظریاتی وارث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی عالمی سطح پر پاکستان کی باوقار آواز بن چکے ہیں،دنیا کو باور کرا دیا پاکستان دفاعی نہیں، دلیل، اصول اور تاریخ کیساتھ اپنی خارجہ پالیسی آگے بڑھا رہا ہے۔

جاری بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو کا کرن تھاپر کو دیا گیا انٹرویو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے، بلاول بھٹو نہ صرف نوجوان قیادت کے نمائندہ ہیں بلکہ پاکستان کیلئے ایک باوقار عالمی آواز بھی بنتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی جیسے نہایت حساس موضوع پر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مقدمہ جس اعتماد، تیاری اور تدبر سے پیش کیا گیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرن تھاپر جیسے سخت گیر اور تجربہ کار صحافی کے سامنے اس اعتماد سے بات کرنا اور انہیں دفاعی پوزیشن پر لانا بلاول بھٹو کی سیاسی بصیرت اور سفارتی مہارت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران انٹرویو کرن تھاپر بار بار الجھے اور غیر متوازن نظر آئے جبکہ بلاول بھٹو پورے مکالمے میں مدلل، پراعتماد اور واضح موقف کے ساتھ نمایاں رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انٹرویو صرف الفاظ کی ادائیگی نہیں بلکہ پاکستان کی موثر سفارتی نمائندگی تھا، جس کی آج کے عالمی منظرنامے میں شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ تین نسلوں کے سیاسی اور نظریاتی تسلسل کے وارث ہیں۔

پیپلز پارٹی کی قیادت عارضی مقبولیت کی بنیاد پر سیاست نہیں کرتی، یہ قیادت تاریخ کے شعور کے ساتھ مسلسل آگے بڑھتی رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقف ہمیشہ سے دہشت گردی، کشمیر اور بھارت سے تعلقات جیسے اہم معاملات پر واضح اور اصولی رہا ہے، پارٹی نے ہر سطح پر دہشت گردی کے خلاف موثر مزاحمت کی ہے اور اس کی قیادت خود اس جنگ میں قربانیاں دیتی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بلاول بھٹو بولتے ہیں، تو وہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک نظریہ، تاریخ، اور عوامی جدوجہد کی زبان بولتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان دفاعی نہیں، بلکہ دلیل، اصول اور تاریخ کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی آگے بڑھا رہا ہے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!