بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے ضلع پریاگ راج کے قریب حادثے کے بعد پولیس اہلکار جائے حادثہ پر ایک گاڑی کے ملبے کا معائنہ کررہے ہیں۔(شِنہوا)
نئی دہلی (شِنہوا) بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے۔
مقامی میڈیا نے جمعرات کے روز بتایا کہ ریاست میں آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی ہوئی جس سے کئی اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔
ایک مقامی ٹیلی ویژن نیوز چینل انڈیا ٹی وی نے سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
چینل کے مطابق ہلاکتوں کی اطلاع 8 اضلاع سے ملی ہے۔
بہار کے وزیراعلیٰ دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 13 افرد کی موت ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق طوفان، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے چاروں اضلاع متاثر ہوئے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے متاثرین کے اہلخانہ کے ساتھ دکھ اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے ان کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ بھارتی روپے (4 ہزار 649 امریکی ڈالر) معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
