چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے علاقے ژان جیانگ کے بحری بندرگاہ پر چینی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نان نگ بحری جہاز دیکھا جاسکتا ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ چینی فوج سرحدی علاقوں میں امن و امان کے تحفظ کے لئے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان ژانگ شیاؤ گانگ نے یہ بات ایک پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کے مستقبل کے بارے میں میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہی۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس سال چین اور بھارت کے مابین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ ہے۔ ژانگ نے کہا کہ دونوں ممالک دو قدیم تہذیبوں، بڑے ترقی پذیر ممالک اور عالم جنوب کے اہم رکن کے طور پر جدت کے ایک اہم مرحلے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باہمی کامیابی کا شراکت دار ہونے سے دونوں ممالک اور عوام کے بنیادی مفادات پورے ہوتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چینی فوج دونوں ریاستی رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عملدرآمد، مواصلات اور باہمی تزویراتی اعتماد کو مضبوط بنانے، سرحدی علاقوں میں امن و امان کے تحفظ، مضبوط اور مستحکم فوجی تعلقات کو فروغ دینے اور خطے اور اس سے باہر امن برقرار رکھنے کے لئے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
