چین کے دارالحکومت بیجنگ کے مغربی ریلوے اسٹیشن پر دو بچیاں بہار تہوار کی سجاوٹ کے سامنے تصاویر بنوا رہی ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کی ریلوے کے مسافر دورے 2025 کے پہلے 2ماہ کے دوران گزشتہ سال کی نسبت 4.7 فیصد بڑھ کر 72کروڑ 60لاکھ تک پہنچ گئے جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ نے پیر کے روز بتایا کہ یہ اضافہ جزوی طور پر سالانہ موسم بہار تہوار کے سفر کے رش کی وجہ سے ہوا جس نے بین العلاقائی آبادی کی نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ کیا۔
اس دوران طلباء، مزدوروں اور دیگر افراد کے اپنے خاندانوں سے ملنے کے لئے گھروں کو جانے کے سفر کے ساتھ ساتھ سیاحوں کے سفر نے ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔
اس بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے کے لیے اس مدت میں روزانہ اوسطاً 11ہزار605 مسافر ٹرینیں چلائی گئیں جو گزشتہ سال کی نسبت 8.7 فیصد اضافہ ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ چین کی ریلوے خدمات مسلسل بہتر ہو رہی ہیں، ملک بھر میں 120 اسٹیشنز پر آسان منتقلی کی سہولیات دستیاب ہیں۔
اس کے علاوہ 89 اسٹیشنز پر انٹرنیٹ کے ذریعے کھانے کا آرڈردینے کی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
