بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ہمت کر کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی، اب امتحان عدالتی نظام کا ہے دیکھتے ہیں احکامات پر کتنا عملدرآمد ہوتا ہے۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سب کی نظریں چیف جسٹس پر تھیں چیف جسٹس نے ہمت کر کے ایک وکیل کو ملاقات کی اجازت دی ہے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر عدالت کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ کوئی پیغام دیں گے، نہ میڈیا سے بات کریں گے وہ بانی کے حالات پر سپریم کورٹ کو آگاہ کریں گے جبکہ ہم اپنی ملاقات کیلئے یہاں آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، ججز کو اب ہمت کرنی چاہئے، ہم ڈھائی سال سے غیر یقینی صورت حال میں انصاف مانگ رہے ہیں، اس وقت امتحان عدالتی نظام کا ہے، دیکھتے ہیں چیف جسٹس کے احکامات پر کتنا عملدرآمد ہوتا ہے۔




