چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے یی وو بین الاقوامی تجارتی منڈی میں ایک خاتون تاجر اپنے سٹور پر بہار تہوار کی سجاوٹ کررہی ہے-(شِنہوا)
ہانگ ژو(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر یی وو میں واقع چھوٹی اجناس کی دنیا کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ بہار تعطیلات کے بعد دوبارہ کھل گئی۔
دوبارہ کھلنے کی تقریب میں روایتی شیر رقص اور ڈھول بجانے کا مظاہرہ کیا گیا جس سے ایک جشن کا ماحول پیدا ہوگیا۔
کھلونے کی دکان کی مالکن چھن میجن جیسے تاجروں نے آنے والے سال کے لئے امید کا اظہار کیا۔
چھن میجن نے کہا کہ ہم نے تعطیلات کے دوران گاہکوں سے باقاعدہ پوچھ گچھ کی اور ہمیں توقع ہے کہ اس سال فروخت میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سال میکسیکو اور کینیا کے دوروں کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
"دنیا کی سپر مارکیٹ” کہلانے والا یی وو چھوٹی اجناس کی پیداوار اور تجارت کے لئے ایک بین الاقوامی مرکز ہے، جو دنیا بھر سے گاہکوں کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔
نیپالی خریدار راج کمار کھڈکا آنے والے پہلے گاہکوں میں سے تھے، جو تقریباً 10 لاکھ یوآن (تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار500 امریکی ڈالر) مالیت کے سرامکس، شیشے کا سامان اور دیگر اشیاء آرڈر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
23 سال قبل پہلی بار کاروبار کے لئے شہر آنے والے کھڈکا نے کہا کہ یی وو بین الاقوامی اجناس کی تجارت میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شہر کی وجہ سے میں دنیا بھر کے لوگوں سے ملنے اور ان کی زبانوں اور ثقافتوں کے بارے میں جاننے کے قابل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یی وو نے مجھے سکھایا کہ کاروبار کیسے کرنا ہے۔
تجارتی منڈی کی 75 ہزار دکانیں 21 لاکھ سے زیادہ کاروباری اداروں سے منسلک ہیں جو تقریباً 3 کروڑ 20 لاکھ ملازمتیں فراہم کرتی ہیں۔ اس کی مضبوط خریداری کی طلب اور متنوع مصنوعات کی پیشکش چین کی معیشت کی لچک اور ترقی کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔
بہت سے کاروبار ابھرتے ہوئے رجحانات پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جیسے 3 ڈی پرنٹ شدہ کھلونے جس نے اپنے رنگوں اور پیچیدہ ڈیزائنوں کے لئے مقبولیت حاصل کی ہے۔
تھری ڈی پرنٹڈ کھلونے تیار کرنے اور فروخت کرنے والی ایک کھلونا کمپنی کے منیجر زینگ ہاؤ نے کہا کہ ہم نے آر اینڈ ڈی میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور مقامی طلب کو پورا کرتے ہوئے ترقی یافتہ مارکیٹوں میں اپنے قدم جمانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
2024 کے اواخر میں چین کی ریاستی کونسل نے یی وو میں جامع بین الاقوامی تجارتی اصلاحات کو مضبوط بنانے کے لئے ایک مجموعی منصوبے کی منظوری دی ہے۔
یی وو کی پائیدار کامیابی کے پیچھے جدیدیت ایک محرک قوت بن گئی ہے۔ 2023 کے بعد سے ژے جیانگ چائنہ کموڈٹیز سٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کی طرف سے شروع کردہ چائنہ گڈز اے آئی پلیٹ فارم نے یی وو کے کاروباری مالکان کو آسانی سے 30 سے زیادہ زبانوں کی سہولت فراہم کرتے ہوئے مصنوعات کی ویڈیوز کے کثیر لسانی ورژن بنانے کے قابل بنایا۔
آج زیادہ سے زیادہ کاروبار اپنی رسائی کو بڑھانے اور گاہکوں کو راغب کرنے کے لئے نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہیں۔
مارکیٹ میں ایک ڈیجیٹل دکان پر منیجر باؤ ہائی گانگ نے ایک ایسے ہیڈ سیٹ کا مظاہرہ کیا جو سمارٹ فون ایپ کے ذریعے 100 سے زائد زبانوں کا درست ترجمہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں لانچ ہونے والے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اس ہیڈ سیٹ کی برازیل جیسی مارکیٹوں میں زبردست فروخت ہوئی۔
