چینی وزیر خارجہ وانگ یی چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی برطانیہ کا دورہ کریں گے اور 10 ویں چین۔برطانیہ اسٹریٹجک مکالمے کی مشترکہ صدارت کرنے کے علاوہ آئرلینڈ کا دورہ کریں گے اور 12 سے 17 فروری تک جرمنی میں 61 ویں میونخ سلامتی کانفرنس (ایم ایس سی) میں شرکت کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے پیر کو بتایا کہ میونخ سلامتی کانفرنس کے دوران وانگ ایک تقریب سے خطاب کریں گے جس میں وہ اہم عالمی امور پر چین کا مئوقف واضح کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وانگ یہ دورہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی، آئرلینڈ کے وزیر برائے خارجہ امور و تجارت سائمن ہیرس اور چیئرمین ایم ایس سی کرسٹوف ہیزگن کی دعوت پر کررہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فروری کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے گردشی صدر کی حیثیت سے چین 18 فروری کو سلامتی کونسل کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کرے گا جس کا موضوع ’’کثیر الجہتی پر عملدرآمد، اصلاحات اور عالمی نظم ونسق میں بہتری‘‘ ہے ۔
وانگ نیو یارک میں سلامتی کونسل کی تقر یب کی صدارت کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کے وزیرخارجہ رونالڈ لامولا کی دعوت پر وانگ 20 سے 21 فروری تک جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں جی 20 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
