باکو (شِنہوا) آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے 240 میگاواٹ کے خیزی-ابشیرون ونڈ پاور پلانٹ کا افتتاح کیا جو پاور چائنہ ہواڈونگ انجینئرنگ کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ ڈی ای سی) کا تعمیر کردہ قابل تجدید توانائی کا نمایاں منصوبہ ہے۔
باکو میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علیوف نے اس منصوبے کی تکمیل کو ملک کی توانائی صلاحیت میں اضافے کا اہم سنگ میل قرار دیا۔
علییوف نے زور دیا کہ یہ منصوبہ "بین الاقوامی تعاون کی ایک کامیاب مثال” ہے اور آذربائیجان کی مجموعی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔
اس موقع پر آذربائیجان میں چین کی سفیر لو مے نے کہا کہ یہ منصوبہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ایک نمایاں کامیابی اور باہمی تعاون و شراکت کی روشن مثال ہے۔
سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک نے ماحول دوست ترقی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے اور چینی کمپنیاں آذربائیجان میں نئی توانائی اور متعلقہ شعبوں میں فعال طور پر حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین دنیا کے ساتھ ترقی کے مواقع بانٹنے کے لئے تیار ہے۔
ایچ ڈی ای سی کے مطابق خیزی-ابشیرون منصوبہ آذربائیجان کا سب سے بڑا ونڈ پاور منصوبہ ہے۔ اس کی تعمیر مارچ 2024 میں شروع ہوئی جبکہ پلانٹ دسمبر 2025 کے آخر تک مکمل ہو کر فعال ہو گیا۔
ابشیرون اور خیزی اضلاع میں پھیلے اس منصوبے میں 37 ہوائی ٹربائنز نصب ہیں اور توقع ہے کہ یہ سالانہ تقریباً ایک ارب کلو واٹ آور ماحول دوست بجلی پیدا کرے گا جو 3 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی ضروریات پوری کرنے کے لئے کافی ہوگی۔




