عراق نے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کیساتھ پیشہ وارانہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورے کے دوران عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
بعد ازاں ایئر چیف نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی اور فضائی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ مشترکہ تربیت، صلاحیتوں میں اضافے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا، ایئر چیف نے عراقی فضائیہ کی تربیت کے شعبے میں پاک فضائیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور عراق کے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا اور دونوں فضائی افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔
عراقی ایئرچیف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے جے ایف 17 تھنڈر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، علاوہ ازیں عراقی فضائیہ نے پاک فضائیہ کے سپر مشاق تربیتی طیاروں میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
ترجمان کے مطابق عراقی فضائیہ کے سربراہ نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، دورے سے پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی اور فضائی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔




