جکارتہ(شِنہوا) انڈونیشا کے شہر جکارتہ کے وسطی علاقے میں ٹیرا ڈرون کے دفتر کی عمارت میں آگ لگنے سے کم ازکم 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق تمام 18 افراد کی لاشیں 7 منزلہ عمارت کے اند ر سے نکالی گئیں ، جب آگ کے شعلوں نے عمارت کی متعدد منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے یہ افراد وہاں پھنس گئے تھے۔مرنے والے افراد،جو بری طرح جل گئے تھے،کو باڈی بیگز میں ڈال کر ایمبولینسز کے ذریعے مشرقی جکارتہ میں پولیس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی مزید شناخت کی جائے گی۔
شہر کی آگ بجھانے والی ٹیمیں عمارت کی باریک بینی سے تلاشی کر رہی ہیں ،جس میں تیسری سے پانچویں منزل تک توجہ مرکوز کی گئی ہے جن کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
امدادی کارکنوں نے سیڑھیوں کی مدد سے زندہ بچ جانے والے ان متعد افراد کو عمارت سے باہر نکالا جو آگ لگنے کی وجہ سے بالائی منزلوں پر پھنس گئے تھے۔درجنوں اہلکاروں اور آگ بجھانے والی متعدد گاڑیوں کو جائے وقوعہ پر آگ پر قابو پانے کے لئے بھیجا گیا۔
مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ابھی مزید متاثرہ افراد کے عمارت کے اندر موجود ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام نے یہ تٖفصیل فراہم نہیں کی کہ جب آگ لگی تو عمارت کے اندر کتنے لوگ موجود تھے۔




