ٹوکیو(شِنہوا)ایٹمی توانائی سے چلنے والے طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے کی تعیناتی کے خلاف جاپان کے کاناگاوا پریفیکچر کے شہر یوکو سوکا میں جاپانی باشندوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
جاپانی اخبار شیمبن اکاہاتا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز شہری تنظیموں کی جانب سے منعقدہ اس احتجاجی ریلی میں تقریباً ایک ہزار افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے جاپان کے امن پسند آئین کی شق 9 کی پاسداری کرنے اور جنگ کے خلاف آواز بلند کرنے کا مطالبہ کیا۔
جاپانی کمیونسٹ پارٹی کے ایوان نمائندگان کے رکن سیکن اکامائن نے ریلی کے شرکاء سے کہا کہ وہ ایسی سیاست کی مخالفت کریں جو جنگ کی خطرات کو بھڑکاتی ہے اور عسکری توسیع پسندی کو فروغ دیتی ہے۔
یوکو سوکا امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے کی بندرگاہ ہے جہاں امریکی فوج نے ایٹمی توانائی سے چلنے والا ایک طیارہ بردار بحری بیڑا تعینات کر رکھا ہے۔




