بدھ, دسمبر 10, 2025
پاکستانکسی بھی ملک کی ترقی کیلئے اداروں کی مضبوطی، غیر جانبدار، انصاف...

کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے اداروں کی مضبوطی، غیر جانبدار، انصاف کے اصولوں پر قیام ضروری ہے، آصف زرداری

صدر مملکت آصف زرداری نے بدعنوانی کیخلاف جدوجہد کو حکومتوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے اداروں کی مضبوطی، غیر جانبدار اور انصاف کے اصولوں پر قیام ضروری ہے۔

انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر جار ی بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ آج ہم دنیا کیساتھ مل کر اقوام متحدہ کا انسداد بدعنوانی دن منا رہے ہیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یہ دن 2003ء میں اس لئے مقرر کیا تھا کہ بدعنوانی سے ہونیوالے نقصانات پر عالمی توجہ مبذول کرائی جائے اور اس کنونشن کی اہمیت اجاگر ہو جس کا مقصد کرپشن کو روکنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد حکومتوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی عوام کا اعتماد کمزور کرتی ہے، اداروں کی کارکردگی متاثر کرتی ہے اور وسائل ان لوگوں تک نہیں پہنچنے دیتی جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، یہ ترقی کی رفتار سست کر دیتی ہے، قانون کی بالادستی پر یقین گھٹاتی ہے اور بنیادی سرکاری خدمات کو بھی متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے ادارے مضبوط، غیر جانبدار اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے وقت کے ساتھ احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں، مختلف مالی بے ضابطگیوں، اختیارات کے غلط استعمال اور سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضوں کے کیسوں میں سرکاری رقوم لوگوں سے واپس لی گئی ہیں، ان کارروائیوں سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف ملا اور کئی اداروں کو ان کے اثاثے واپس ہوئے، یہ مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ جب ادارے دیانت سے کام کریں اور اپنے قانونی دائرے میں رہیں تو اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ احتساب کے اداروں کا سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رہنا ضروری ہے کیونکہ شفافیت، پیشہ وارانہ معیار اور اخلاقی طرز عمل ہی اداروں کی ساکھ بناتے ہیں، دیانتداری پر قائم ہمارا اجتماعی عزم پاکستان کے اداروں کو مضبوط کرے گا اور قومی استحکام اور ترقی کے سفر میں مدد دے گا۔

صدر نے سرکاری ملازمین، پیشہ ور افراد اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایمانداری اور اچھی حکمرانی کے عزم کا اعادہ کریں۔

صدر نے کہاکہ امیدہے شفافیت ،احتساب کیلئے کام کرنیوالی تمام تنظیمیں پاکستان میں صاف، بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گی۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!