لندن(شِنہوا)چینی اے آئی کمپنی ڈیپ سیک کے بانی لیانگ وین فینگ اور ’’ڈیپ ڈائیور‘‘ کہلانے والی چینی ماہر ارضیات دو منگ ران کو جریدے نیچر کی سالانہ “نیچر کے ٹاپ 10” فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جو 2025 کی نمایاں سائنسی پیش رفتوں سے جڑی دس اہم شخصیات کو نمایاں کرتی ہے۔
دونوں شخصیات کی خدمات کو بالترتیب بڑے پیمانے کے اے آئی ماڈلز کی ترقی کو آگے بڑھانے اور گہرے سمندر کی اس کھوج کے لئے تسلیم کیا گیا ہے، جس نے زمین پر اب تک دیکھے جانے والے بعض انتہائی گہرے حیاتیاتی ماحولیاتی نظاموں کو ظاہر کیا۔
لیاںگ کے بارے میں نیچر جریدے نے فیچر میں لکھاہے کہ ان کی کمپنی ڈیپ سیک نے جنوری میں اپنے طاقتور اور کم لاگت آر ون ماڈل کے اجرا کے ساتھ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ہلچل مچا دی۔ جریدے نے لکھا کہ اس اقدام نے فوری طور پر یہ دکھا دیا کہ امریکہ اے آئی میں اتنا آگے نہیں ہے جتنا کہ بہت سے ماہرین نے سوچا تھا۔
دو کے بارے میں فیچر میں ان کے سمندر کی سب سے گہری سطح ہڈل زون میں چھ کلومیٹر سے زیادہ گہرائی تک کے تاریخی غوطوں کو اجاگر کیا گیا۔ جاپان کے شمال مشرق میں کورل-کامچاتکا خندق کی تہہ میں انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے کرہ ارض پر جانوروں کے ساتھ سب سے گہرا ماحولیاتی نظام دریافت کیا۔




