راولپنڈی ہیلتھ اتھارٹی نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 1562غیر قانونی افراد بھرتی کرلئے ۔ ذرائع کے مطابق بھرتی کئے گئے افراد میں 1500سینٹری پٹرول اور 62ایٹمالوجسٹ ہیں۔
ذرائع کے مطابق مارچ 2024ء میں بھرتی اشتہار کے باوجود پنجاب حکومت سے اجازت نہ ملنے کے بعد مالی سال ختم ہونے پر پرانے اشتہار پر بھرتیاں کی گئیں، 30 جولائی 2024ء کو بھرتی کمیٹی تشکیل دی گئی اور اگلے ہی روز 31جولائی کو 4800امیدواروں کے انٹرویوز کا عمل مکمل کرکے سلیکشن کر لی گئی۔
سابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عنصر اسحاق کی تحریری شکایت پر معاملے کی انکوائری کیلئے ڈاکٹر معیظ منظور کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود انکوائری رپورٹ منظر عام پر نہ آسکی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عنصر اسحاق کی جانب سے متعدد یاد دہانیاں بھی بھجوائی گئیں۔11ستمبر 2025ء کو محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تاہم اب تک رپورٹ پیش نہ کی جاسکی۔
