وفاقی حکومت نے 13 اکتوبر سے ملک گیر انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ فوکل پرسن برائے انسداد پولیو پروگرام عائشہ رضا فاروق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ستمبر 2004سے اب تک انسداد پولیو کی 6ملک گیر مہمات چلائی جا چکی ہیں۔
رواں پولیو مہم میں 4لاکھ سے زائد پولیو ورکرز 4کروڑ 50لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ہر سال 70لاکھ بچے پیدا ہو رہے ہیں جس وجہ سے مہم کا ٹارگٹ بھی بدل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال ملک بھر میں اب تک پولیوکے 29 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسین پلانے سے انکاری کیسزکی تعداد 11 لاکھ سے کم ہو کر 8 لاکھ 30 ہزار رہ گئی ہے، یہ ویکسین مکمل محفوظ ہے ،عازمین حج بھی اس کو پی کر جاتے ہیں، لوگوں کا فرنٹ لائن ورکرز سے غیر مناسب رویہ ٹھیک نہیں ہوتا، لوگوں کی نقل مکانی زیادہ ہونے کے باعث مہم کا ہدف متاثر ہوتا ہے۔




