وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ سندھ میں توانائی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، عالمی بینک کے تعاون سے نئے سولر اور ونڈ ہائبرڈ منصوبے جلد شروع ہوں گے۔
جمعرات کو برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے سینئر وزیر سندھ حکومت شرجیل میمن سے ملاقات کی جس میں صوبے کی توانائی پالیسی، جاری منصوبوں اور بین الاقوامی شراکت داریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کو توانائی کے لحاظ سے خود کفیل بنانا حکومت کا ہدف ہے، صوبے میں تھر کول، سولر، ونڈ ہائبرڈ اور گھروں کی سولرائزیشن منصوبے جاری ہیں، عالمی بینک کے تعاون سے نئے سولر اور ونڈ ہائبرڈ منصوبے جلد شروع کئے جائینگے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برطانیہ کے ساتھ توانائی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں دنیا کا سب سے بڑا ہائوسنگ منصوبہ جاری ہے جس میں سیلاب متاثرین کیلئے 21لاکھ مکانات تعمیر کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
