چینی ریاستی کونسل کے تائیوان امور دفتر کے ترجمان چھن بن ہوا پریس بریفنگ میں میڈیا کے سولات کے جوابات دے رہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی مین لینڈ کے ایک ترجمان نے تائیوان کے رہنما لائی چھنگ تے کے حالیہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تائیوان کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں اور بین الاقوامی برادری کو گمراہ کر رہے ہیں۔
چینی ریاستی کونسل کے تائیوان امور کے دفتر کے ترجمان چھن بن ہوا نے یہ بیان امریکی میڈیا کو لائی چھنگ تے کے حالیہ انٹرویو سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں دیا۔
چھن نے کہا کہ لائی چھنگ تے کے عہدہ سنبھالنے کے ایک سال سے زائد عرصے کے دوران وہ "تائیوان کی آزادی” کے علیحدگی پسند موقف پر بضد ہیں اور مسلسل آبنائے تائیوان کے دونوں جانب مخالفت اور ٹکراؤ کو ہوا دیتے رہے ہیں۔ ساتھ ہی لائی نے "تائیوان کو بیچنے” جیسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کئے ہیں، جن سے جزیرے کے عوام اور کاروباری اداروں کے مفادات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور تائیوان کی معیشت کی بقا اور ترقی کے امکانات خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
چھن نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ تاریخی اور قانونی طور پر یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ تائیوان چین کے علاقے کا ایک لازمی حصہ ہے اور آبنائے تائیوان کے دونوں کنارے ایک ہی چین سے تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد کی جانب پیش قدمی ایک ناقابل تنسیخ رجحان ہے اور بیرونی قوتوں پر انحصار کرتے ہوئے آزادی حاصل کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکامی سے دوچار ہوگی۔
