اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کراچی میں دہشت گرد حملےکی سخت مذمت کی ہے، جس میں دو چینی باشندوں سمیت متعدد پاکستانی شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے دہشت گردی کی اس گھنائونی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور پاکستان و چین کی حکومتوں سے دلی تعزیت کااظہار کیا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔
کونسل کے ارکان نے کہا کسی بھی شکل میں دہشت گردی عالمی امن وسلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے اس واقعہ میں ملوث مجرموں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرےمیں لانے پر زور دیا۔
سلامتی کونسل نے تمام ملکوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق چین اور پاکستان کی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے کہا کہ کبھی بھی اور کسی بھی جگہ دہشت گردی کی کارروائیاں مجرمانہ اور بلاجواز فعل ہے۔
