اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں- (شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ فلسطینی ریاست کا اٹوٹ انگ ہے اور اسے لازمی طور پر اس کااٹوٹ انگ رہنا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایسوسی ایٹ ترجمان سٹیفنی ٹریمبلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل کو اسرائیلی کابینہ کےغزہ کا کنٹرول سنبھالنے کے فیصلے پر شدید تشویش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ خطرناک کشیدگی کی نشاندہی کر رہا ہے۔ اس سے لاکھوں فلسطینی، جو پہلے ہی تباہ کن نتائج بھگت رہے ہیں، کے لئے حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اس سے باقی یرغمالیوں سمیت مزید زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی ہولناک انسانی المیے کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی مزید کشیدگی اضافی جبری بے دخلی، ہلاکتوں اور بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بنے گی۔
بیان میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے مستقل جنگ بندی، پورے غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی قبضے کے خاتمے اور قابل عمل 2 ریاستی حل کے حصول تک تنازع کا پائیدار حل نہیں نکلے گا۔غزہ فلسطینی ریاست کا اٹوٹ انگ ہے اور اسے لازمی طور پر اٹوٹ انگ رہنا چاہیے۔
