چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر ری ژاؤ کے قریب سمندر سے سمارٹ ڈریگن-3 (ایس ڈی- تھری) راکٹ گیلی-04 سیارچوں کا جھرمٹ لے کر خلا میں روانہ ہو رہا ہے-(شِنہوا)
ری ژاؤ(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبہ شان ڈونگ سے ہفتے کی صبح سمارٹ ڈریگن-3(ایس ڈی- 3) نامی راکٹ 11 گیلی-04 سیارچوں کا ایک جھرمٹ مقررہ مدار میں بھیجنے کے لئے خلا میں روانہ ہوا۔
یہ راکٹ رات 12 بج کر 31 منٹ (بیجنگ وقت) پر ری ژاؤ شہر کے قریب سمندر سے خلا میں روانہ کیا گیا۔ اس مشن کو تائی یوآن سیٹلائٹ لانچ سنٹر نے سمندر سے انجام دیا ہے۔
لانچ سنٹر کے مطابق یہ ایس ڈی-3 راکٹ کا چھٹا مشن تھا۔
31 میٹر کی مجموعی لمبائی اور 140 ٹن وزن کے ساتھ ایس ڈی-3 چین کی ڈریگن راکٹ فیملی کا حصہ ہے۔ چین کے خلائی راکٹوں کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے لانگ مارچ راکٹ کے برعکس ڈریگن سیریز خاص طور کم مدار کے چھوٹے تجارتی سیٹلائٹس اور سیٹلائٹ نیٹ ورکس کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ طلب کو پورا کرنے کے لئے تیار کی گئی ہے۔
ایس ڈی-3 راکٹ کے ڈپٹی چیف ڈیزائنر لیو وے نے کہا کہ اس مشن نے راکٹ کے تیز ردعمل اور اعلیٰ کارکردگی کی صلاحیتوں کو تجارتی لانچ کے شعبے میں پوری طرح سے ظاہر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ راکٹ مارکیٹ کی مسلسل بڑھتی ہوئی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرے گا۔
سیٹلائٹس کا جھرمٹ گی سپیس کی ملکیت ہے جو کہ چین کے مشرقی شہر ہانگ ژو میں قائم گیلی ہولڈنگ گروپ کی نجی سیٹلائٹ بنانے والی ذیلی کمپنی ہے۔ گیلی کا سیٹلائٹ جھرمٹ سیٹلائٹ انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی)اور بین السیٹلائٹ مواصلاتی تجربات جیسے شعبوں میں کام کرتا ہے جن میں ذہانت پر مبنی نیٹ ورکنگ، سمندری ماہی گیری، کم بلندی والی نقل و حمل اور ہنگامی مواصلات شامل ہیں۔ یہ سیٹلائٹس ماحولیاتی اور ماحولیاتی نگرانی کے لئے زمین کا مشاہدہ کرنے والی ریموٹ سینسنگ بھی انجام دیتے ہیں۔
