چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغورخود مختار علاقے کے جیانگ جون ماؤنٹین سکی ریزارٹ میں سکیئرز سکی کرتے ہوئے۔(شِنہوا)
ارمچی(شِنہوا)چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے میں 2024 تک 88 ہزار 800 کھیلوں کے مقامات تعمیر کئے جا چکے ہیں جس سے مقامی کھیلوں کی ترقی اور عوامی شرکت کو فروغ ملا ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق یہ مجموعی تعداد 2023 میں موجود 81 ہزار 928 مقامات کے مقابلے میں 8.4 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ گزشتہ سال سنکیانگ میں مختلف سطح پر 54 ہزار کھیلوں کے مقابلے اور سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن کے ذریعے مقامی برادریوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے قریب لایا گیا۔
ان مقامات میں 118 مقامات سرمائی کھیلوں کے لئے مختص ہیں جبکہ حالیہ برسوں میں اس خطے کے موزوں قدرتی حالات نے نوجوانوں کو سرمائی کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے زیادہ راغب کیا ہے۔
جنوری میں سنکیانگ نے مسلسل دوسرے سال اپنا علاقائی سرمائی کھیلوں کا میلہ منعقد کیا جس میں نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار 58 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
سنکیانگ سپورٹس بیورو کے ڈائریکٹر ایرت نے کہا کہ ہم کھیلوں کی سہولیات کی تعمیر میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے اور ہر گھر کے قریب فٹنس کے مقامات قائم کریں گے۔ ہم خاص طور پر سرمائی کھیلوں اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں جیسے اہم شعبوں پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ سنکیانگ کی اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
