چینی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ امریکہ کو محصولات جبری ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ اگر امریکہ اقتصادی اور تجارتی پابندیوں کو مزید بڑھانے پر بضد رہا تو چین پختہ ارادے اور وافر ذرائع کے ساتھ جوابی اقدامات کرے گا اور آخر تک لڑے گا۔
وزارت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا اور چین تجارتی جنگ نہیں چاہتا تاہم چینی حکومت کبھی بھی اس وقت خاموش نہیں بیٹھے گی جب اس کے لوگوں کے جائز حقوق کو ٹھیس پہنچائی جا رہی ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاستی کونسل کے انفارمیشن آفس کی جانب سے جاری کئے گئے حقائق نامے کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا جس میں چین اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات سے متعلق بعض امور پر چین کے موقف کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
چین اور امریکہ کی کامیابیوں کو ایک دوسرے کے لئے خطرات کے بجائے مواقع قرار دیتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ امریکہ فوری طور پر محصولات کے یکطرفہ نفاذ کو ختم کرے گا اور چین کے ساتھ بات چیت کو مضبوط بنانے، اختلافات کو حل کرنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کرے گا۔
عہدیدار نے کہا کہ چین اہم دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی امور پر امریکہ کے ساتھ بات چیت کرنے، مساوی بنیادوں پر مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے ان کے متعلقہ خدشات کو دور کرنے اور چین امریکہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی مستحکم، صحت مند اور پائیدار ترقی کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link