14 ویں قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کے تیسرے سیشن کے پریزیڈیم کے ایگزیکٹو چیئرمین ژاؤ لے جی چین کے دارالحکومت بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں پریزیڈیم کے دوسرے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کی اعلیٰ ترین مقننہ قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کی قائمہ کمیٹی نے 2025 کے لئے اپنی سالانہ حکمت عملی کا اعلان کردیا ہے،اس میں اعلیٰ معیار کی قانون سازی کو آگے بڑھانے اور مجموعی قومی مفاد کو پورا کرنے کے لئے مئوثرنگرانی کرنے کا عہد کیا گیا ہے۔
چینی قومی قانون سازوں نے این پی سی کے جاری سالانہ اجلاس میں این پی سی قائمہ کمیٹی کی کارکردگی رپورٹ پر تبادلہ خیال شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئینی نفاذ یقینی بنانے اور تعمیل کی نگرانی کو مستحکم کرنے کے لئے این پی سی کی قائمہ کمیٹی آئین کاجامع نفاذ یقینی بنانے سے متعلق نظام کو بہتر بنائے گی اور اس پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے ایک نظام وضع کرے گی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقننہ آئینی جائزے اور معیاری دستاویزات کی ریکارڈنگ اور جائزہ لینے سے متعلق اپنی صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گی۔
سالانہ قانون سازی منصوبے کے تحت این پی سی قائمہ کمیٹی نے آمدہ سال کے لئے متعدد اہم شعبوں کے بارے میں بھی بتایا ہے۔
این پی سی کی قائمہ کمیٹی سوشلسٹ مارکیٹ اکانومی کی ترقی سے متعلق قانونی خاکہ مضبوط بنانے کے بارے میں نجی شعبے کے فروغ کے لئے ایک قانون ، قومی ترقیاتی منصوبہ بندی پر ایک قانون ، ایک مالیاتی قانون ، مالی استحکام کا قانون ، اور کاشت شدہ زمین کے تحفظ اور معیار کی بہتری سے متعلق قانون تشکیل دے گی۔
رپورٹ کے مطابق غیر منصفانہ مسابقتی قانون، کاروباری دیوالیہ پن قانون، زرعی قانون، ماہی گیری قانون، شہری ہوا بازی قانون اور بینکاری ضابطہ کار قانون پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔
