نیروبی (شِنہوا) کینیا نے نیروبی میں 2026 کے نئے چینی سال کی تقریب منائی، جس میں سینئر سرکاری اہلکار، سفارتکار، صنعت کے رہنما اور سینکڑوں مقامی و غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔
ایک دن پر محیط تقریب ٹو ریورز مال میں منعقد ہوئی جس میں ڈریگن اور شیر رقص جیسے ثقافتی مظاہرے، جدید موسیقی، چینی ملبوسات اور کھانوں کی نمائش سمیت مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔
کینیا کی وزیر سیاحت و جنگلی حیات ربیکا میانو نے کہا کہ نئے چینی سال کی تقریبات مقامی برادری کو چینی ثقافت، فنون اور ورثے کی گہرائی سے آگاہی کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
ربیکا میانو نے کہا کہ بہار تہوار کی تقریبات انسانی روح کو جلا بخشتی ہیں اور بین الثقافتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور تجدید کو فروغ دیتی ہیں۔ ان کے یہ خیالات کینیا کی وزارت سیاحت و جنگلی حیات کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم کے پرنسپل سیکرٹری جان اولولتوا نے پیش کئے۔
کینیا اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے میانو نے کہا کہ دونوں ممالک کا ماضی اور مستقبل باہمی احترام، دوستی، ثقافتی تبادلوں اور سیاحت جیسے مختلف شعبوں میں باہمی فائدے پر مبنی اقتصادی شراکت داری سے منسلک ہے۔
کینیا میں چین کی سفیر گو ہائی یان نے کہا کہ بہار تہوار انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی خیر سگالی کے لئے چینی عوام کی جستجو کی عکاسی کرتا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ بہار تہوار ایک عالمی ثقافتی تقریب بن چکا ہے جو دنیا بھر کے لوگوں کے لئے خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقریباً 20 ممالک اسے سرکاری تعطیل کے طور پر تسلیم کرتے ہیں جبکہ تقریباً 200 ممالک اور خطوں میں رہنے والی دنیا کی آبادی کا تقریباً پانچواں حصہ مختلف صورتوں میں نئے قمری سال کی تقریبات مناتا ہے۔




