وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ میکرو اکنامک استحکام کے بعد ترقی کیلئے بہتر پوزیشن میں ہیں، سعودی عرب نے کھل کر پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے، سعودی کمپنی کی پاکستانی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں شمولیت فعال سعودی سرمایہ کاری کی مثال ہے، موسمیاتی تبدیلی پاکستان کی بقا کی جنگ، نمٹنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
عرب میڈیا کو انٹرویو میں سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ سعودی عرب طویل عرصے سے پاکستان کا شراکت دار رہا ہے، ہم مشکل اور اچھے دونوں ادوار میں ملنے والی حمایت پر بے حد شکر گزار ہیں، اس شراکت داری کے تحت معدنیات و کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی کمپنی کی پاکستانی آئل اینڈ گیس سیکٹر میں شمولیت فعال سعودی سرمایہ کاری کی مثال ہے، سعودی عرب نے معدنیات، کان کنی، آئی ٹی، زراعت اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں کھل کر پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس کے انعقاد پر اوور سیز چیمبر کا شکر گزار ہوں، بینک ایبل منصوبے لے کر آئیں فنڈنگ موجود ہے، پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت مل کر کام کرتے ہیں، کانفرنس کی تجاویز کا دلچسپی سے منتظر رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام کے بعد ہم ترقی کیلئے بہتر پوزیشن میں ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو 2022ء میں سیلاب نے شدید معاشی نقصان پہنچایا، موسمیاتی تبدیلی پاکستان کی بقا کی جنگ ہے جس سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس آئی ایم ایف کا 1.3 ارب ڈالرز کا کلائمیٹ فنڈ ہے، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کلائمیٹ فیسیلیٹی بھی موجود ہے مگر شرم الشیخ میں جس طریقے سے طے ہوا ویسے نفاذ نہیں ہوا۔




